26 مارچ 2012 - 19:30

جماعت اسلامی پاکستان نے آج ناٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کیخلاف پا رلیمنٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن دھرنے کی قیادت کریں گے ۔

ابنا: سید منور حسن نے ایک بیان میں کہا کہ حکمرانوں کو پاکستان کے مستقبل سے نہیں کھیلنے دیں گے۔ اراکین پارلیمنٹ ناٹو کو سپلائی بحال کرنے کی دستاویز پر دستخط نہ کریں، کیونکہ ایسا کرنا 18کروڑ عوام کو امریکی غلامی کا طوق پہنانے کے متراد ف ہوگا۔ سیدمنورحسن نے کہا کہ جماعت اسلامی حکمرانوں کو یہ اجازت نہیں دے سکتی کہ وہ پاکستان کے راستے گولہ و بارود افغانستان میںموجود ناٹو افواج کو سپلائی کرے اور پھر وہی گولہ وبارود پاکستان کیخلاف استعمال کیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا امریکی سامراج مسلمانوں کو مختلف ممالک میں گاجر مولی کی طرح کاٹ رہا ہے۔ مغرب کا سرمایہ دارانہ نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔ عرب دنیا میں اسلامی بیداری کی لہر کا ذکر کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ مراکش، تیونس، لیبیا اورمصر میں تبدیلی کے نتیجے میں اُمت مسلمہ کو نئی قوت اور حوصلہ ملا ہے ۔ عرب دنیا میںاٹھنے والی تبدیلی کی یہ لہر پاکستان میں بھی ضرور آئے گی ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کا کہنا تھا سیئول میں ہونے والی حالیہ کانفرنس دراصل ایران کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے عالمی منصوبے کی ایک کڑی ہے جبکہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو بھی امریکا عالمی کنٹرول میں لیناچاہتا ہے۔
....... 
/169